لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں اس بار کوارٹر فائنلز نہیں کھیلے جائیں گے، گروپ مرحلے کے بعد کراس اوور پولز کے ذریعے سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ ہوگا۔عالمی کپ کل15 تا 30 اگست تک بیلجیم اور نیدرلینڈز میں کھیلا جائے گا، جس میں مردوں اور خواتین کے الگ الگ ٹورنامنٹس ہوں گے۔ہر ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں چار پولز، اے، بی، سی اور ڈی میں تقسیم ہوں گی۔ ابتدائی مرحلے میں ہر ٹیم اپنے پول کی دیگر تین ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی اور 15 تا 20 اگست تک جاری رہنے والے اس مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر ٹیموں کی پوزیشنز طے ہوں گی۔گروپ مرحلے کے بعد ٹیموں کو چار نئے کراس اوور پولز ایچ تک میں تقسیم کیا جائے گا۔ پول ای میں پول اے اور ڈی کی پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں، جبکہ پول ایف میں پول بی اور سی کی پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ اسی طرح پول جی میں اے اور ڈی کی تیسری اور چوتھی پوزیشن کی ٹیمیں جبکہ پول ایچ میں بی اور سی کی تیسری اور چوتھی پوزیشن کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔کراس اوور مرحلے میں ہر ٹیم تین مزید میچ کھیلے گی، تاہم ابتدائی مرحلے میں اپنے پول کی دوسری آگے بڑھنے والی ٹیم کے خلاف حاصل کیا گیا نتیجہ بھی اگلے مرحلے میں شمار ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ ابتدائی پول مرحلے میں ہر میچ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ پول ای اور ایف کی سرفہرست دو، دو ٹیمیں براہ راست سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ سیمی فائنل میں پول ای کی پہلی پوزیشن والی ٹیم کا مقابلہ پول ایف کی دوسری پوزیشن والی ٹیم سے، جبکہ پول ایف کی پہلی پوزیشن والی ٹیم پول ای کی دوسری پوزیشن والی ٹیم کے مدمقابل ہوگی۔پولز ایچ تک کی حتمی پوزیشنز کی بنیاد پر پانچویں سے 16ویں پوزیشن تک کی درجہ بندی کے میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ سیمی فائنلز اور درجہ بندی کے میچز 27 اور 28 اگست کو ہوں گے۔خواتین کا ورلڈ کپ 29 اگست کو نیدرلینڈز میں کانسی کے تمغے اور فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا، جبکہ مردوں کا ورلڈ کپ 30 اگست کو بیلجیم میں تیسری پوزیشن اور فائنل کے ساتھ مکمل ہوگا۔