لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے زیر اہتمام پہلا پیرا ہاکی ورلڈ کپ 20 سے 24 اگست تک بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر سے ذہنی معذوری رکھنے والے کھلاڑی پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے کیلئے میدان میں اتریں گے۔ایف آئی ایچ کے مطابق تاریخی ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ کھلاڑی مخلوط مرد و خواتین ٹیموں کی صورت میں 6 اے سائیڈ فارمیٹ میں مقابلہ کریں گے۔ ٹورنامنٹ میں چار براعظموں کی نمائندگی ہوگی، جو پیرا ہاکی کے بڑھتے ہوئے عالمی دائرہ کار کی عکاسی کرتی ہے۔پول اے میں بیلجیئم، اٹلی، جرمنی، فرانس، پاکستان، زیمبیا، آئرلینڈ اور امریکا شامل ہیں جبکہ پول بی میں نیدرلینڈز، اسپین، بلغاریہ، انگلینڈ، بھارت، ملائیشیا، چلی اور ارجنٹائن شامل ہیں۔ مقابلے 20 سے 23 اگست تک نیدرلینڈز کے مائرا ہاکی کلب اور بیلجیئم کے لووین لا نیو ہاکی کلب میں ہوں گے، جبکہ 24 اگست کو فیصلہ کن مرحلے کے میچز ایمسٹلوین کے ویگنر اسٹیڈیم اور واورے کے بیلفیئس ہاکی ایرینا میں کھیلے جائیں گے۔ ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام نے کہا کہ افتتاحی پیرا ہاکی ورلڈ کپ ہاکی کیلئے تاریخی سنگ میل اور کھیل میں تنوع، شمولیت اور سب کیلئے مواقع کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ صرف تمغوں کے حصول تک محدود نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، لوگوں کے تصورات تبدیل کرنے اور ہر ایتھلیٹ کو مقابلہ کرنے کے مواقع فراہم کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔پیرا ہاکی کے عالمی مقابلے کے انعقاد کیلئے گزشتہ 14 برس کے دوران کھلاڑیوں، کوچز، قومی ایسوسی ایشنز، رضاکاروں، خاندانوں اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے اہم کردار ادا کیا ہے۔