لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اگست 2026ء ) پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے عظیم کھلاڑی اور دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر آج 51 برس کے ہو گئے۔ شعیب اختر اپنی برق رفتار باؤلنگ، جارحانہ انداز اور غیرمعمولی صلاحیتوں کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بنے۔ راولپنڈی ایکسپریس کے لقب سے شہرت پانے والےشعیب اختر 13 اگست 1975ء کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے ان کا بچپن آسان نہیں تھا۔ پیدائشی طور پر ان کے دونوں پاؤں کے تلوے سیدھے تھے، جس کی وجہ سے انہیں چلنے پھرنے اور حتیٰ کہ ٹھیک طرح کھڑے ہونے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ابتدا میں والدین بھی ان کی جسمانی حالت پر فکرمند تھے لیکن شعیب اختر نے ہمت، محنت اور غیرمتزلزل عزم کے ذریعے تمام رکاوٹوں کو شکست دی اور دنیا کے تیز ترین فاسٹ بولرز میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے درج کرا لیا۔ شعیب اختر نے نومبر 1997ء میں اپنے آبائی شہر راولپنڈی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔ اس کے بعد وہ پاکستان کے اہم ترین فاسٹ بولرز میں شامل ہو گئے اور کئی یادگار فتوحات میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اپنی خوفناک رفتار، جارحانہ باؤلنگ اور مخالف بلے بازوں پر بھرپور دباؤ ڈالنے کی صلاحیت نے انہیں "راولپنڈی ایکسپریس" کا لقب دلایا۔ ان کی باؤلنگ کے سامنے دنیا کے بڑے بڑے بلے باز بھی محتاط حکمت عملی اپنانے پر مجبور ہو جاتے تھے جبکہ کرکٹ شائقین ان کے ہر سپیل کا بے چینی سے انتظار کرتے تھے۔ شائقین کرکٹ آج بھی ان کے باولنگ کے جارحانہ اندازکے گرویدہ ہیں ۔ شعیب اختر نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 46 ٹیسٹ میچز کھیلتے ہوئے 178 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 163 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں 247 وکٹیں اپنے نام کیں۔ اس کے علاوہ وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے اور اپنی رفتار سے دنیا بھر کے بلے بازوں کو پریشان کیا۔ شعیب اختر نے 25.69 کی اوسط سے 178 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں جن میں سے 104 وکٹیں پاکستان کی فتوحات میں 17.49 کی اوسط سے حاصل کی گئیں۔ ٹیسٹ میں 100 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی باؤلرز میں صرف عمران خان کی اوسط ان سے بہتر ہے۔ عمران خان - 14.55 کی اوسط سے 155 وکٹیں شعیب اختر - 17.49 کی اوسط سے 104 وکٹیں شعیب اختر کے نام کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین گیند کرانے کا عالمی اعزاز بھی ہے۔ انہوں نے 2003ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ (100.23 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے گیند کر کے ایک ایسا ریکارڈ قائم کیا جو آج بھی برقرار ہے۔ شعیب اختر آج بھی پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے تیز ترین اور بااثر فاسٹ بولرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود شعیب اختر کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ دنیا بھر میں ان کے لاکھوں مداح آج بھی ان کی برق رفتار باؤلنگ اور یادگار مقابلوں کو شوق سے یاد کرتے ہیں جبکہ کرکٹ کے میدان میں ان کی واپسی کی خواہش کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں۔