لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) پنجاب یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام ورلڈ یوتھ ڈے کے موقع پر نشترپارک سپورٹس کمپلیکس ای لائبریری میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فضل الرحمن تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل مہارتوں اور کھیلوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈائریکٹر ایڈمن عابدشوکت، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز محمد فہد، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن الحمرا سید عمیر حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد سمیت مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے سینکڑوں طلبہ و طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔ سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اور خوشحالی ہمارے باصلاحیت نوجوانوں سے وابستہ ہے، نوجوان نسل ملک کو ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے، نوجوان روزانہ تقریبا آٹھ گھنٹے سوشل میڈیا پر صرف کررہے ہیں، انہیں چاہیے کہ سوشل میڈیا سے زیادہ مثبت سرگرمیوں کے لیے بھی وقت مختص کریں، فضل الرحمن نے مزید کہا کہ 2026 کو یوتھ کا سال قراردیا ہے،حکومت نوجوانوں کیلئے بہترین اقدامات کررہی ہے، یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب پی آئی ٹی بی کے تعاون سے اورنج اکانومی پروگرام شروع کرنے جارہا ہے، جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ای گیمنگ انڈسٹری عالمی سطح پر کئی ٹریلین ڈالر کی صنعت بن چکی ہے۔ تقریب میں "آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور مستقبل کے چیلنجز" کے موضوع پر پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوئی، جس میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن الحمرا سید عمیر حسن، ڈاکٹر فوزیہ، ایم دانیال اور ایم مبین نے شرکت کی اور اے آئی کے مواقع اور مستقبل کے چیلنجز پر اظہار خیال کیا۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے پینل ڈسکشن میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ملک ہے جہاں آبادی کا تقریبا 65 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل سکلز اور انٹرپرینیورشپ پروگرامز اپنانے کا بہترین وقت ہے،جدید دوراے آئی اور ڈیجیٹل سکلز کا دور ہے، اس لیے ہمارے نوجوانوں کو جدید طرز زندگی اور آمدن کے جدید ذرائع سے خود کو ہم آہنگ کرنا ہوگا، محمدطارق قریشی نے مزید کہا کہ چین نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیت ثابت کرتے ہوئے بے شمار مصنوعات تیار کی ہیں اور پاکستان کے زیادہ تر تاجر اور نوجوان ان چینی مصنوعات کی تجارت سے وابستہ ہیں، وہ اپنی صلاحیتیں صرف مصنوعات کی تجارت تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی مصنوعات تیار کرنے پر بھی توجہ دیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن الحمرا سید عمیر حسن ودیگر پینلسٹ نے کہا کہ پنجاب یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کا انقلابی پروگرام ای روزگار پروگرام صوبے کے متعدد باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار اور آمدن کے مواقع فراہم کررہا ہے، مصنوعی ذہانت ہماری روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہے اور اس کے درست استعمال، آگاہی اور سیکھنے کے ذریعے نوجوان اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تقریب میں یوٹیوب گروتھ اسٹریٹجسٹ حما ناصر، محمد دانیال اور دیگر طلبہ نے ای روزگار پروگرام کے ذریعے اپنی کامیابی کی روداد بھی بیان کیں اور نوجوان شرکاء کو محنت، ڈیجیٹل مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دی،تقریب میںگورنمنٹ کالج میوزک سوسائٹی نے ملی نغمے پیش کئے جبکہ طلبہ نے ملی نغموں پر بھرپور داد دی، اس موقع پر یوتھ ڈے فن کوئز پروگرام بھی منعقد کیا گیا، جس میں کامیاب طلبہ کو انعامات دیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز محمد فہد، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن الحمرا سید عمیر حسن، اے آئی ایکسپرٹ/ٹرینر صائمہ علی، یوٹیوب گروتھ اسٹریٹجسٹ حما ناصر اور گورنمنٹ کالج میوزک سوسائٹی کے اراکین کو یادگاری شیلڈز اور سووینئرز پیش کیے گئے۔