اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2026ء) الپائن کلب آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ براڈ پیک حادثے میں لاپتہ ہونے والے پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش مل گئی ہے۔الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق شگر کے مقامی رضاکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت سہیل سخی کی باڈی تلاش کی، سہیل سخی کی باڈی کیمپ ون سے بیس کیمپ منتقل کردی گئی ہے۔ سہیل سخی کی بادی شگر کے علاقے تسر سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں نے تلاش کی جن میں محمد ندیم، محمد بشیر اور ابوذر شامل تھے اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ باڈی کیمپ ون سے بیس کیمپ پہنچائی۔کلب کا کہنا ہے کہ اگر موسم نے اجازت دی تو سہیل سخی کی باڈی کو آج ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکرڈو منتقل کیا جائے گا۔الپائن کلب آف پاکستان نے سہیل سخی کے اہل خانہ اور کوہ پیمائی برادری سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے، کوہ پیما سہیل سخی کا تعلق ہنزہ سے تھا۔واضح رہے کہ 15روز قبل براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے 10کوہ پیما لاپتہ ہوگئے تھے جن میں سے 5نیپالی کوہ پیمائوں سمیت 7کوہ پیماوں کی لاشیں ملی تھیں۔