پشاور میں جشنِ آزادی سکواش ٹورنامنٹ اختتام پذیر ، شہزاد نجیب فاتح قرار
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) پاکستان سپورٹس بورڈ کی ہدایت پر ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی جشنِ آزادی کے سلسلے میں سکواش ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 60 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔مح

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) پاکستان سپورٹس بورڈ کی ہدایت پر ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی جشنِ آزادی کے سلسلے میں سکواش ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 60 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔محکمہ کھیل خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق پی ایس بی کوچنگ سینٹر پشاور میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں شہزاد نجیب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا، ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز میں محمد سالار اور شہزاد نجیب نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، جہاں محمد سالار نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر تقریباً 60 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جبکہ 15 کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف پوزیشنیں حاصل کیں۔ اختتامی تقریب کے مہمانان خصوصی پاکستان کے سابق عالمی سکواش چیمپئن قمر زمان اور پشاور ایئرپورٹ کے چیف سکیورٹی آفیسر منور ظریف تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پی ایس بی کوچنگ سینٹر پشاور محمد اکرم بھٹی، پی ایس بی کوچنگ سینٹر کے سابق ڈائریکٹر اور سابق عالمی نمبر دو سکواش کھلاڑی محب اللہ خان، سکواش کوچ شہزاد محب سمیت کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے کہا کہ ایک وقت تھا جب عالمی سکواش میں پاکستان کا ایک نمایاں مقام تھا اور پاکستانی کھلاڑی دنیا پر حکمرانی کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں کھلاڑیوں میں سکواش کھیلنے کا جنون اور جذبہ موجود تھا اور وہ بھرپور محنت، لگن اور دلچسپی کے ساتھ کھیل کو وقت دیتے تھے۔قمر زمان نے اپنے ، جان شیر خان، محب اللہ خان اور دیگر عظیم پاکستانی سکواش کھلاڑیوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے لیے محنت، نظم و ضبط اور کھیل سے حقیقی وابستگی ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ سکواش کو صرف کھیل نہیں بلکہ مستقبل کے ایک بہترین موقع کے طور پر اپنائیں اور ملک کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بھرپور محنت کریں ۔پشاور ایئرپورٹ کے چیف سکیورٹی آفیسر منور ظریف نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف نوجوانوں کو صحت مند رکھتے ہیں بلکہ ان میں برداشت، ٹیم ورک اور مقابلے کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے سکواش سمیت تمام کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 15 کھلاڑیوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور فاتح کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔



