کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور حکومت بلوچستان کے وژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی سربراہی میں محکمہ سپورٹس خضدار کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان کے سلسلے میں کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا ۔اختتامی تقریب کا انعقاد جناح کرکٹ سٹیڈیم میں کیا گیا ،جس کی مہمان خاص سپورٹس آفیسر خضدار رقیہ عبید تھیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ جشن آزادی پاکستان سپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل سٹی الیون نے شاندار انداز میں جیت کر چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔فائنل میچ میں کھٹان الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سٹی الیون کی تباہ کن بائولنگ کے سامنے صرف 92 رنز پر پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی،جس میں یاسر اور احمد نے 19, 19 رنز بنائے۔ سٹی الیون کی جانب سے شاکر نے 4 جبکہ آصف ، اور ایاز نے 3,3 وکٹیں حاصل کرکے بہترین بائولنگ کا مظاہرہ کیا۔جواب میں سٹی الیون نے مطلوبہ 93 رنز کا ہدف 5.5 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا اور یوں فائنل اپنے نام کرتے ہوئے جشن آزادی پاکستان سپورٹس فیسٹیول کی چیمپئن ٹیم بن گئی۔فائنل میچ کی تقریب میں مہمانِ خصوصی سپورٹس آفیسر رقیہ عبید نے شرکت کی اور کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر سٹی صدر مقبول جھالاوان، سینئر کرکٹر اختر شاہ، حاجی بارانزئی اور کوچ کبیر باجوئی بھی موجود تھے ۔اختتامی تقریب میں شاندار کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ سٹی الیون کی کامیابی پر شائقینِ کرکٹ اور ٹیم کے کھلاڑیوں نے خوشی کا اظہار کیا۔