زیادہ لسٹ اے سنچریاں ، فخر زمان نے ظہیر عباس کا 41 سالہ ملکی ریکارڈ توڑ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اگست 2026ء ) قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے کا ظہیر عباس کا 41 سالہ ملکی ریکارڈ توڑ دیا۔ فخر زمان نے ملتان میں جاری چیمپئنز کپ میں گزشتہ روز پاک گرینز

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اگست 2026ء ) قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے کا ظہیر عباس کا 41 سالہ ملکی ریکارڈ توڑ دیا۔ فخر زمان نے ملتان میں جاری چیمپئنز کپ میں گزشتہ روز پاک گرینز کی جانب سے پاک بلیوز کیخلاف 104 گیندوں پر 18 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 123 رنز سکور کیے جو ان کے لسٹ اے کیریئر کی 20ویں سنچری تھی۔ فخر زمان اب زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے والے پاکستانی بیٹرز کی فہرست میں ظہیر عباس سے آگے نکل گئے ہیں۔ فخر زمان اب تک لسٹ اے کرکٹ میں 170 میچز کی 168 اننگز میں 8 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 46.36 کی اوسط سے 7419 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 20 سنچریاں اور 41 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 31 سنچریوں کے ساتھ سب سے زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے والے پاکستانی بلے باز ہیں۔ خرم منظور 27 لسٹ اے سنچریوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ سابق مایہ ناز اوپنر سعید انور 26 سنچریوں کیساتھ تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔ سابق قومی کپتان سلمان بٹ 24 سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں، قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے 21 سنچریوں کے ساتھ 5 ویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے، فخر زمان 20 سنچریوں کے ساتھ اب چھٹی، ایشین بریڈ مین ظہیر عباس 19 سنچریاں سکور کرکے 7ویں، سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی اور سابق کپتان اظہر علی 18، 18 سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 8ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ ، سابق کپتان شان مسعود اور احمد شہزاد 17، 17 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر 9 ویں، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد، سابق ون ڈے کپتان اظہر علی ، اوپنر امام الحق اور آل راؤنڈر شعیب ملک 16،16 سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 10 ویں جب کہ سابق کپتان محمد یوسف، رمیز راجہ، عمر امین اور عمران فرحت 15، 15 لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 11 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 14 لسٹ اے سنچریاں بنا کر اس فہرست میں 12ویں نمبر پر ہیں۔ سابق کپتان یونس خان، انضمام الحق ، سلیم ملک اور جاوید میانداد نے اپنے لسٹ اے کیریئر میں 12،12 سنچریاں سکور کررکھی ہیں۔



