لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2026ء) سی ایم پنجاب 79ویں جشنِ آزادی خواتین را انٹر ڈسٹرکٹ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں لاہور کی آمنہ بابر نے بینچ پریس اور ڈیڈ لفٹ کے مقابلوں میں مجموعی طور پر225 کلو وزن اٹھا کر بہترین خاتون پاور لفٹر کا اعزاز حاصل کر لیا۔ پنجاب را پاور لفٹنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ چیمپئن شپ کے آرگنائزنگ سیکرٹری، سابق فرسٹ سٹرانگسٹ مین آف پاکستان، قومی ٹیم کے سابق کپتان اور انٹرنیشنل پاور لفٹر عقیل جاوید بٹ کے مطابق مقابلے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس لاہور اور میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے اشتراک سے ایلیٹ ٹریننگ سینٹر پنجاب سٹیڈیم میں منعقد ہوئے۔ چیمپئن شپ میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، بھلوال، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور سے85 سے زائد خواتین نے جونیئر، سینئر اور ماسٹرز کیٹیگریز میں شرکت کی اور اپنی مہارت و طاقت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مختلف کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلے دیکھنے میں آئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ندیم نعیم اور عقیل جاوید بٹ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر منتظمین نے خواتین کو کھیلوں کے میدان میں مزید مواقع فراہم کرنے اور پاور لفٹنگ کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔