روس دورے کی تیاری، پاکستان وائٹس ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 اگست سے اسلام آباد میں شروع ہو گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2026ء) روس کے دورے کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان وائٹس ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 اگست سے اسلام آباد میں شروع ہوگا، جہاں نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2026ء) روس کے دورے کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان وائٹس ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 اگست سے اسلام آباد میں شروع ہوگا، جہاں نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔ کیمپ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں لگایا جائے گا اور ٹیم روس میں اہم بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیاری کرے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق قومی سینئر ٹیم کی ورلڈ کپ میں مصروفیات کے باعث دستیابی نہ ہونے کی صورت میں سینئر کیمپ کے ریزرو کھلاڑیوں کو پاکستان وائٹس ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شامل کیا جائے گا۔فیڈریشن کے مطابق جونیئر کیمپ میں موجود ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو بھی وائٹس ٹیم کے کیمپ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا، جس کا مقصد مستقبل کے لیے قومی ٹیم کا مضبوط بیک اپ تیار کرنا ہے۔ پاکستان وائٹس ٹیم 26 اگست سے 2 ستمبر تک روس کا دورہ کرے گی، جہاں میزبان روس کے خلاف 3 سے 4 میچز کھیلے جانے کا امکان ہے۔ یہ دورہ قومی سطح کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنے اور مستقبل کے اہم مقابلوں کے لیے ٹیم کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تربیتی کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست اور کوچنگ اسٹاف کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔فیڈریشن کے مطابق روس کا دورہ پاکستان وائٹس ٹیم کے نوجوان اور ریزرو کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی جانب اہم قدم ہوگا۔



