لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست 2026ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کی تیاری مکمل ہے اور ٹیم مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ آخری میچ میں اچھی کارکردگی سے ٹیم کا مومینٹم بہتر ہوا ہے، جبکہ پہلے ٹیسٹ سے قبل تیاری مکمل کرنے پر توجہ مرکوز ہے کینٹ کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ انگلینڈ کو اس کی سرزمین پر شکست دینے کے لیے اچھی اور معیاری کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ پاکستان کا باؤلنگ اٹیک انگلینڈ کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور انگلینڈ میں پاکستان کی باؤلنگ طاقت ہمارا بڑا ہتھیار ہے ۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستان کو پہلی اننگز میں بڑا اسکور بنا کر انگلینڈ کو دباؤ میں لانا ہوگا۔ محمد رضوان اور سلمان علی آغا پر کوئی اضافی دباؤ نہیں، دونوں سے سیریز میں اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ سرفراز احمد نے شان مسعود کی فٹنس کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے سافٹ بال سے بیٹنگ شروع کردی ہے اور پہلے ٹیسٹ سے قبل ان کی دستیابی کے لیے پُرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں اسپنرز بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، تاہم پچ اور کنڈیشنز کا جائزہ لینے کے بعد اسپنرز کو کھلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان کے پاس دو معیاری اسپنرز موجود ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے پاکستان پُراعتماد ہے اور ٹیم سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہے۔