ہمارا ٹارگٹ ڈیٹا اور ثبوت پر مبنی سپورٹس سسٹم بنانا ہے جو بین الاقوامی معیار پر اتر سکے‘جاوید مغل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2026ء) پی سی بی ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن جاوید مغل نے کہا ہے کہ ہمارا ٹارگٹ ڈیٹا اور ثبوت پر مبنی سپورٹس سسٹم بنانا ہے جو بین الاقوامی معیار پر اتر سکے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2026ء) پی سی بی ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن جاوید مغل نے کہا ہے کہ ہمارا ٹارگٹ ڈیٹا اور ثبوت پر مبنی سپورٹس سسٹم بنانا ہے جو بین الاقوامی معیار پر اتر سکے ،پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، درست سمت دکھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کھلاڑیوں کی بیس لائن ٹیسٹنگ کی ہے، فٹنس بہتر کرنے پر کام جاری ہے ۔ فٹنس کا قابل پیمائش ہونا لازمی ہے، اس سے کھلاڑی کی پروگریس کو بہتر جانچا جا سکتا ہے ۔ قومی کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ بیٹری میں 24مختلف ٹیسٹ متعارف کروائے ہیں، ان میں 39فٹنس مارکرز ہیں ۔ جاوید مغل نے کہا کہ انڈر 15سے قومی ٹیم تک درجاتی طریقے سے فٹنس ٹیسٹ بڑھتے رہیں گے ، آتے ساتھ ہی فیل اور پاس والی ٹیسٹنگ نہیں کی بلکہ فٹنس کا معیار معلوم کرنے والی ٹیسٹنگ کی ۔ ریڈ بال اور وائٹ بال کیمپس میں فٹنس ٹیسٹ لینے کے بعد ہر کھلاڑی سے علیحدہ میٹنگ کی ۔ ہر چار مہینے بعد کھلاڑیوں کی فٹنس چیک کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو فٹنس کے مختلف پہلوئوں پر تعلیم بھی دے رہے ہیں ،کھلاڑیوں کی فٹنس کا تمام ریکارڈ ایتھلیٹ منیجمنٹ سسٹم کے ذریعے محفوظ کیا جاتا ہے ۔ سیزن کے دوران اور آف سیزن کے لیے دو مختلف فٹنس روٹین بنائی گئی ہیں ۔ ہم پی سی بی کے تمام سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز کی قابلیت اور مہارت بڑھانے پر بھی کام کر رہے ہیں ۔ پی سی بی کے سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز کو سپورٹس سائنس اور ایکسر سائز ڈپلومہ بھی کروایا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سپورٹس میڈیکل ایسوسی ایشن بنانے کا عزم بھی کیا ہے ۔ پی سی بی سپورٹس میڈیکل ایسوسی ایشن کے تحت پاکستان کے تمام سپورٹس سائنس پروفیشنلز کی ہر دو مہینے بعد میٹنگ منعقد ہوگی ۔



