کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2026ء) ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی ہدایت پر جشنِ آزادی سپورٹس فیسٹیول کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ناصر پانیزئی کی زیرِ نگرانی فٹبال اور کرکٹ کے دلچسپ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ فٹبال میچ میں پاک افغان اور ناصر افغان ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں ناصر افغان نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب کرکٹ ٹورنامنٹ میں ناصر الیون اور ینگ اسٹارز کے درمیان مقابلہ ہوا، جہاں ینگ اسٹارز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 13 اوورز میں 127 رنز کا ہدف دیا، جسے ناصر الیون نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 اوورز میں حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق جشنِ آزادی سپورٹس فیسٹیول کے ان مقابلوں میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا جبکہ شائقینِ کھیل نے بھی دلچسپی اور جوش و خروش کے ساتھ مقابلوں سے لطف اٹھایا۔