اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان جونیئر گرلز ہاکی ٹیم کی چین میں ہونے والے ’’وومن جونیئر ایشیا کپ 2026‘‘ میں شرکت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ قدم ملک میں خواتین کی ہاکی کی بحالی اور فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس ایونٹ میں شرکت سے پاکستان کی باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو ایشیائی سطح کے اعلیٰ ترین جونیئر مقابلے میں حصہ لینے اور بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا موقع میسر آئے گا۔ چیمپئن شپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن 18 اگست 2026ء سے اسلام آباد میں ایک قومی تربیتی و سلیکشن کیمپ قائم کرے گی۔پی ایچ ایف نے اس کیمپ کے لیے ایک شفاف اور میرٹ پر مبنی جامع سلیکشن عمل اپنایا ہے۔ اسلام آباد میں حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی ’قومی گرلز انڈر-18/انڈر-21 چیمپئن شپ‘ کی سرفہرست چار ٹیموں کی تمام کھلاڑیوں کو کیمپ میں طلب کیا جائے گا تاکہ وہ ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ مزید برآں خیبر پختونخوا، کوئٹہ/بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی ان انفرادی کھلاڑیوں کو بھی ٹرائلز کے لیے مدعو کیا جائے گا جنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کی صلاحیت ثابت کی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد یہ یقین دہانی کرانا ہے کہ پاکستان کے ہر خطے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ملک کی نمائندگی کا مساوی موقع ملے۔ حتمی انتخاب کا انحصار تمام تر کیمپ اور ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی، تکنیکی مہارت، فٹنس، حکمت عملی کی سمجھ بوجھ، ڈسپلن اور صلاحیتوں پر ہوگا۔پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کا کہنا تھا کہ جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان گرلز ٹیم کی شرکت فیڈریشن کی جانب سے خواتین کی ہاکی کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششوں کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیت، جنون اور قابلیت موجود ہے،ہم انہیں بین الاقوامی سطح پر کھیلنے اور پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کا ستارہ بننے کے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں،ہمارا سلیکشن عمل مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہوگا تاکہ ملک کے ہر کونے سے آنے والی باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا پورا موقع ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن اس کیمپ کو نہ صرف جونیئر ایشیا کپ کی ٹیم کی تشکیل کے لیے استعمال کرے گی بلکہ اس کا مقصد باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کا ایک وسیع پول تیار کرنا بھی ہے جو مستقبل کی قومی ویمنز ہاکی ٹیموں کی بنیاد بن سکے۔ تربیتی پروگرام کے دوران پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کی فٹنس، جدید کوچنگ، حکمت عملی، ویڈیو اینالسز اور بین الاقوامی معیار کی تیاریوں پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ خواتین کی ہاکی پر یہ تازہ ترین توجہ ’نیشنل ویمنز ہاکی چیمپئن شپ‘ اور جونیئر سطح کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد سامنے آئی ہے۔ صدر پی ایچ ایف نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صرف چین میں ایونٹ کا حصہ بننا نہیں، بلکہ ہم سکولز اور گراس روٹ پروگرامز سے لے کر جونیئر اور سینئر سطح تک گرلز ہاکی کے لیے ایک پائیدار نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار گراس روٹ لیول کو فروغ دینے کے لیے سکولوں کی رجسٹریشن کا انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے جس کے تحت اب تک 706 سکولوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن، صوبائی ایسوسی ایشنز، متعلقہ شعبہ جات، کوچز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی تاکہ نوجوان گرلز ہاکی ٹیلنٹ کی نشاندہی کر کے انہیں اعلیٰ سطح پر مقابلوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ پی ایچ ایف کو امید ہے کہ پاکستان جونیئر گرلز ہاکی ٹیم چین میں ہونے والے جونیئر ایشیا کپ میں قوم کی نمائندگی بہترین ڈسپلن، عزم اور وقار کے ساتھ کرے گی اور یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں خواتین کی ہاکی کی بحالی کے لیے ایک بنیادی اور مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔