اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2026ء) ماہِ اگست کے آغاز کے ساتھ ہی کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جشنِ آزادی کی سرگرمیاں شروع ہوگئیں ہیں اور کھیلوں کے میدان بھی آباد ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سبز ہلالی پرچم تلے بلوچستان کے عوام کا جذبۂ حب الوطنی نمایاں، کھیلوں اور آزادی تقریبات میں بھرپور شرکت کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے آزادی ایتھلیٹس مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے جن میں مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ۔اس مناسبت سے موسیٰ اسٹیڈیم کوئٹہ میں7اگست سے جاری آزادی ایتھلیٹس مقابلوں کا فائنل9 اگست کو کھیلا گیا جس میں کوئٹہ کی عابدہ بتول نے کھیلوں کے میدان میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ کر بلوچستان کی خواتین کے لیے مثال قائم کردی۔ عابدہ بتول نے باکسنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے پہلے انٹرنیشنل مقابلے میں سری لنکن حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔باکسر عابدہ بتول کا کہنا ہے کہ ایک مقصد پر توجہ مرکوز رکھنے سے کامیابی کے جذبے میں اضافہ ہوتا ہے، خواتین کو اپنے لیے ہی نہیں بلکہ ملک اور بلوچستان کے لیے بھی آگے آنا ہوگا۔واضح رہے کہ جشنِ آزادی کی سرگرمیاں بلوچستان کے نوجوانوں میں قومی جذبہ اجاگر کرتے ہوئے انہیں مثبت اور صحت مند سرگرمیوں سے جوڑ رہی ہیں۔