بیونس آئرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 نومبر 2026ء ) ارجنٹائن کے سابق سٹار فٹ بالر کارلوس تیویز کے الوداعی میچ میں لیونل میسی کی شرکت پر مہر لگ گئی ہے، جبکہ دنیا بھر کے شائقین کی نظریں اب کرسٹیانو رونالڈو کے فیصلے پر ٹکی ہیں جنہیں اس خاص تقریب کی دعوت دی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ رنگا رنگ نمائشی میچ 20 دسمبر کو بیونس آئرس کے تاریخی ’لا بومبونیرا‘ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جسے ’اپاچیز لاسٹ ڈانس‘ (Apache's Last Dance) کا عنوان دیا گیا ہے۔ 42 سالہ کارلوس تیویز نے 2022ء میں اپنے آبائی کلب بوکا جونیئرز کی نمائندگی کرتے ہوئے پیشہ ورانہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اپنے شاندار کیریئر میں تیویز کو یہ منفرد اعزاز حاصل رہا کہ وہ ارجنٹائن کی قومی ٹیم میں لیونل میسی کے ساتھ کھیلے، جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ میں کرسٹیانو رونالڈو کے ہمراہ بھی میدان میں اترے۔