فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال کو پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹس میں اے کیٹیگری مل گئی،ترجمان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 کے سیزن کے لیے 8 خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال کو اے کیٹیگر

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 کے سیزن کے لیے 8 خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال کو اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے ۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو اور سدرہ امین کو بی کیٹیگری جبکہ عائشہ ظفر، گل فیروزہ اور صدف شمس کو سی کیٹیگری میں جگہ دی گئی ہے۔ ان کنٹریکٹس کا اطلاق 30 جون 2027 تک ہوگا۔24 سالہ فاطمہ ثنا کو بیٹنگ اور بولنگ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ حال ہی میں انگلینڈ کی دی ہنڈریڈ اور آسٹریلیا کی ویمنز بگ بیش لیگ میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بھی بنی ہیں۔ دوسری جانب بائیں ہاتھ کی سپنر سعدیہ اقبال نے بھی اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت اے کیٹیگری میں جگہ برقرار رکھی ہے۔ وہ اس سے قبل آئی سی سی ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کر چکی ہیں۔منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو اور سدرہ امین کو مختلف فارمیٹس میں مستقل کارکردگی اور ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر بی کیٹیگری دی گئی ہے۔اوپننگ بلے باز گل فیروزہ اور صدف شمس کو تجربہ کار عائشہ ظفر کے ہمراہ سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق ان کھلاڑیوں کا انتخاب حالیہ ڈومیسٹک اور بین الاقوامی مقابلوں میں عمدہ کارکردگی اور ٹیم کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔سینٹرل کنٹریکٹس کے لیے کھلاڑیوں کی حالیہ فارم اور فٹنس کو بنیادی معیار بنایا گیا ہے۔ کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی فٹنس کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا جبکہ انہیں کنٹریکٹ کی مدت کے دوران مقررہ فٹنس معیار برقرار رکھنا ہوگا۔



