لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) پیرس اولمپکس2024 میں پاکستان کے اسٹار جیولن تھروور ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر ان کی زندگی اور کھیلوں کے سفر پر مبنی پہلی کتاب شائع ہو گئی ہے،جو جلد مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔کھیلوں کے صحافی شہباز علی کی تصنیف ’’خواب سے حقیقت تک‘‘ میں ارشد ندیم کے کیریئر کے آغاز سے لے کر عالمی سطح پر کامیابیوں تک کے سفر کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ کتاب میں ارشد ندیم کے کیریئر کے اتار چڑھائو،اہم کامیابیوں اور مختلف مراحل سے متعلق کئی اہم انکشافات شامل کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ ان کے ابتدائی اساتذہ،تمام کوچز اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کے تاثرات بھی کتاب کا حصہ ہیں۔فیاض بخاری، ڈاکٹر اسد عباس شاہ اور ٹریسیس لیبن برگ نے بھی ارشد ندیم کے حوالے سے اہم معلومات اور مشاہدات قلم بند کیے ہیں۔ مصنف نے کتاب میں ٹوکیو اولمپکس میں ارشد ندیم کے تمغہ نہ جیتنے کی وجوہات، مختلف انجریز،ان کے علاج، انجریز کے اسباب اور بحالی کے مراحل پر بھی روشنی ڈالی ہے، جبکہ دورانِ علاج استعمال ہونے والی ادویات اور طبی نگہداشت سے متعلق معلومات بھی شامل کی گئی ہیں۔کتاب میں ایشین ایتھلیٹکس کے سربراہ جنرل دہلان کے تاثرات، مختلف کھیلوں کے عالمی ستاروں اور کھیلوں سے وابستہ صحافیوں کی آرا بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ارشد ندیم کے پورے کھیلوں کے سفر کی نایاب تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔مصنف نے پیرس اولمپکس کے بعد سے ورلڈ ایتھلیٹکس ٹوکیو تک پیش آنے والے اہم واقعات کا بھی احاطہ کیا ہے۔کتاب کا انتساب معرکہ حق میں بھارت کیخلاف کامیابی پر فیلڈ مارشل اور افواجِ پاکستان کے نام کیا گیا ہے۔