ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) جشنِ آزادی کے موقع پر ’’صحت مند نوجوان، روشن بلوچستان‘‘ مہم کے تحت سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز نصیرآباد کے زیرِ اہتمام کھیلوں کے مقابلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ پہلے مرحلے میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈاکٹر یاسر بازئی کی کاوشوں اور ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس نصیرآباد ڈویژن فیروز علی ابڑو کی نگرانی میں کرکٹ ٹورنامنٹ شروع کیا گیا، جس کے افتتاحی میچ کے مہمانِ خصوصی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی سلیم خان ڈومکی تھے جبکہ عبدالکریم ڈومکی، عبدالغفار ڈومکی اور محمد اقبال سولنگی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر کرکٹ گراؤنڈ شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جو کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ مہمانِ خصوصی نے روایتی شارٹ کھیل کر جشنِ آزادی کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا جبکہ افتتاحی میچ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید نیاز مستوئی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ تقریب کے دوران مہمانِ خصوصی کا کھلاڑیوں سے تعارف بھی کرایا گیا۔ اپنے خطاب میں سلیم خان ڈومکی نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی مثبت صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، صحت مند معاشرے کی تشکیل اور قومی یکجہتی کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہیں، جشنِ آزادی کے موقع پر ایسے مقابلوں کا انعقاد نوجوانوں میں حب الوطنی، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔