14 اگست کواوپن روڈ سائیکل ریس لاہور سے ساہیوال تک منعقد ہوگی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں14 اگست کو قومی سطح کی اوپن روڈ سائیکل ریس لاہور سے ساہیوال تک منعقد ہوگی۔ریس

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں14 اگست کو قومی سطح کی اوپن روڈ سائیکل ریس لاہور سے ساہیوال تک منعقد ہوگی۔ریس کا آغاز صبح6 بجے پنجاب اسٹیڈیم لاہور سے ہوگا جبکہ اختتام صبح 11 بجے یا اس سے قبل ساہیوال میں ہوگا۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کےمطابق اس قومی ایونٹ میں پاکستان آرمی، واپڈا، پاکستان ریلوے، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی)، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سمیت بلوچستان، خیبر پختونخوا، سندھ اور پنجاب کی سائیکلنگ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس کے علاوہ ملک بھر سے آزاد سائیکلسٹس بھی اس میگا روڈ ریس میں حصہ لیں گے۔ریس پنجاب اسٹیڈیم سے شروع ہو کر ٹھوکر نیاز بیگ، چونگ، رینالہ خورد، پتوکی اور اوکاڑہ سے ہوتی ہوئی جی ٹی روڈ کے ذریعے ساہیوال پہنچے گی۔ افتتاحی تقریب میں وزیر کھیل و امورِ نوجوانان پنجاب فیصل ایوب کھوکھر بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے اور صبح 6 بجے ریس کو روانہ کریں گے۔ ساہیوال پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن سمیع اللہ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر میاں ندیم، صدر ساہیوال سائیکلنگ ایسوسی ایشن شہزادہ عالمگیر اور سیکرٹری میاں محمد وحید سائیکلسٹس کا استقبال کریں گے۔اختتامی تقریب میں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل پہلے دس نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹس میں نقد انعامات تقسیم کریں گے۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر ادریس حیدر خواجہ نے کہا کہ اس قومی سطح کی ریس کے انعقاد کا مقصد یومِ آزادی پاکستان کو شایانِ شان انداز میں منانا ،سائیکلنگ کے کھیل کو فروغ دینا اور ملک بھر کے باصلاحیت سائیکلسٹس کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہے۔



