لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اگست 2026ء ) پاکستان کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے پاکستان کرکٹ چھوڑنے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ نجی ٹی وی چینل ’’اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق سوشل میڈیا یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ خوشدل شاہ پاکستان کرکٹ چھوڑ رہے ہیں لیکن اب ان خبروں پر آل راؤنڈر کی وضاحت آگئی ہے۔ قومی ٹیم سے ان کی غیر موجودگی کے درمیان جمعہ کو انٹرنیٹ پر ایک دو ماہ پرانا انٹرویو دوبارہ منظر عام پر آیا جس میں ایک اور قومی آل راؤنڈر عباس آفریدی نے دعویٰ کیا کہ خوشدل شاہ نے انہیں بتایا تھا کہ ان کے پاس صرف چار ماہ باقی ہیں اور اگر اس وقت تک انہیں قومی ٹیم کا کال اپ نہیں ملا تو انہیں پاکستان چھوڑنا پڑے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر خوشدل شاہ نے لکھا کہ ’یہ جعلی خبریں گردش کررہی ہیں جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ میں پاکستان کرکٹ چھوڑ رہا ہوں اور یہ بالکل غلط ہے۔