پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان ویلنگٹن میں سیاسی مشاورت اور مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس
ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2026ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیاسی مشاورت کے پانچویں دور اور پاکستان -نیوزی لینڈ مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کے تیسرے اجلاس کا انعقاد ویلنگٹن میں ہوا

ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2026ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیاسی مشاورت کے پانچویں دور اور پاکستان -نیوزی لینڈ مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کے تیسرے اجلاس کا انعقاد ویلنگٹن میں ہوا جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ہفتہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیاسی مشاورت کے اجلاس کی مشترکہ صدارت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (ایشیا پیسیفک) ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی اور نیوزی لینڈ کی وزارت خارجہ و تجارت کے ڈپٹی سیکرٹری امریکاز اینڈ ایشیا گروپ گراہم مورٹن نے کی۔ اجلاس کے دوران دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے وسیع تر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کیا۔ ان شعبوں میں اعلیٰ سطح کے روابط، اقتصادی ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، انسداد دہشت گردی، بین الاقوامی جرائم کے تدارک اور عوامی سطح پر روابط شامل ہیں۔ وفود نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کثیرالجہتی فورمز پر رابطے مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے نیوزی لینڈ کے ہم منصب کو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں اور جنوبی ایشیا کی علاقائی صورتحال بشمول بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری مورٹن نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ بیان کے مطابق پاکستان -نیوزی لینڈ مشترکہ تجارتی کمیٹی کا تیسرا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزارتِ تجارت کے سیکرٹری جواد پال خواجہ نے کی جبکہ نیوزی لینڈ کے وفد کی سربراہی گراہم مورٹن نے کی۔ مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بالخصوص زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور خدمات کے شعبوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ فریقین نے منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور پائیدار زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جس میں اون کی پیداوار اور پودوں کے تحفظ کے شعبوں میں تکنیکی تعاون کے امکانات کا جائزہ بھی شامل تھا۔ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ادارہ جاتی طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کا ایک اہم نتیجہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تعلیمی تعاون کے انتظام پر دستخط ہیں جس سے تعلیم کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نمایاں طور پر مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔ مجموعی طور پر ہونے والی بات چیت نے دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لینے، شراکت داری کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے اور مستقبل پر مبنی، باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔



