لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 اگست 2026ء ) پی ایچ ایف نے قومی ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ سے قبل بڑا ریلیف دے دیا۔ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کو 2 کروڑ روپے فارن ڈیلی الاؤنس کی پیشگی ادائیگی کردی گئی، پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں اور کوچز کے بینک اکاؤنٹس میں ڈی اے منتقل کردیا۔ بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ 2026ء کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو فضائی ٹکٹس، رہائش، طعام اور ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم ہوگی۔ صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو صرف کھیل پر توجہ دینی چاہیے، ٹیم کی فلاح و بہبود اور سہولیات فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے۔ محی الدین احمد وانی کا مزید کہنا تھا کہ 2 کروڑ روپے کی پیشگی ادائیگی ٹیم کو بہترین سہولیات کی فراہمی کا ثبوت ہے، بروقت اقدامات سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ یاد رہے کہ ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 15 اگست سے 30 اگست تک کھیلا جائے گا۔