جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) انٹرنیشنل سکیٹنگ یونین (آئی ایس یو)نے جنیوا میں کونسل کے حالیہ اجلاس کے بعد نئے 2026-27ء سیزن کے لیے بڑھائی گئی انعامی رقم کی تقسیم کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔شنہوا کے مطابق جون میں سپین کے جزیرے ٹینریف میں منعقدہ 60 ویں آئی ایس یو کانگریس کے دوران سالانہ انعامی رقم کو دوگنا کر کے 10.54 ملین امریکی ڈالر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ کونسل کے فیصلے کے مطابق اضافی رقم میں سے 3.54 ملین ڈالر آئی ایس یو مقابلے کے نتائج کی بنیاد پر دیے جائیں گے، جس کا مطلب ہے کہ انعامی رقم کا تقریباً 70 فیصد حصہ کھلاڑیوں کو ان کی برف پر کارکردگی پر ملے گا۔ باقی رقم ورلڈ رینکنگ کے حساب سے تقسیم کی جائے گی تاکہ 3 سالہ دورانیے میں حصہ لینے اور بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصَلہ افزائی کی جا سکے۔ آئی ایس یو کے صدر کم جے یول کے مطابق اس نظام سے نہ صرف میڈل جیتنے والے بلکہ دیگر تمام بہترین کھلاڑیوں کو بھی مالی فائدہ پہنچے گا۔ اس کے علاوہ کونسل نے ممبر فیڈریشنز کے لیے سفر کی مد میں 2 ملین ڈالر سے زائد کی رقم منظور کی ہے جبکہ یوکرین کے روبن امبارٹسموف کو نئی قائم کردہ سپورٹس میڈیسن اینڈ ایتھلیٹ ہیلتھ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔