قومی ہاکی ٹیم کی فلاح وبہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، محی الدین احمد وانی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کے ب

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کے بینک اکائونٹس میں مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے فارن ڈیلی الائونس (ڈی اے) پیشگی منتقل کر دیئے ہیں تاکہ دورے کے دوران کھلاڑی اور آفیشلز مالی پریشانی سے آزاد ہو کر اپنی تمام تر توجہ ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی پر مرکوز رکھ سکیں۔ فیڈریشن کے مطابق پیشگی ڈیلی الائونس کی ادائیگی کے علاوہ ٹیم کی شرکت کے لیے تمام ضروری انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں، جن میں بین الاقوامی فضائی ٹکٹس، معیاری ہوٹل میں رہائش و طعام، مقامی ٹرانسپورٹ، تربیتی سہولیات، لاجسٹکس اور کھیلوں کے سامان کی منتقلی شامل ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی فلاح و بہبود اور بہترین سہولیات کی فراہمی فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور کوچز کو صرف کھیل پر توجہ دینی چاہیے، اسی لیے روانگی سے قبل تمام مالی اور لاجسٹک انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2 کروڑ روپے کی پیشگی ادائیگی اس عزم کا اظہار ہے کہ عالمی ہاکی کے سب سے بڑے ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ٹیم کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے امید ظاہر کی ہے کہ بروقت کیے گئے ان اقدامات سے قومی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے اور وہ ورلڈ کپ میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ فیڈریشن نے قومی ٹیم کی تیاریوں میں مسلسل تعاون پر اپنے اسپانسرز، معاونین اور حکومتِ پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا۔



