پاکستان ہاکی فیڈریشن کا جنوبی کوریا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے ایک اہم تبدیلی کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جنوبی کوریا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے ایک اہم تبدیلی کا اعلان کر دیا۔ پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کی سیریز میں 0-3 کی برتر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جنوبی کوریا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے ایک اہم تبدیلی کا اعلان کر دیا۔ پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کی سیریز میں 0-3 کی برتر فتح اور سیریز اپنے نام کرنے کے بعد، مینجمنٹ نے آخری معرکے میں پاکستان انڈر 21 قومی ہاکی ٹیم کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کی انڈر 21 ٹیم حال ہی میں عمان کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچی ہے، جہاں انہوں نے میزبان ٹیم کو 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا۔ باصلاحیت جونیئر کھلاڑیوں کو جنوبی کوریا جیسی تجربہ کار اور مضبوط ٹیم کے خلاف آزمانے کا مقصد ان کی مہارت کو پرکھنا، بین الاقوامی سطح پر ان کے تجربے میں اضافہ کرنا اور انہیں آئندہ کے بڑے بین الاقوامی مقابلے کے لیے تیار کرنا ہے۔ ہاکی شائقین اور کھیل کے دلدادہ افراد کو اس اہم میچ میں شرکت کرنے اور نوجوان قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی دعوت دی جاتی ہے۔ میچ نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم، پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ تمام شائقین بلا معاوضہ (اوپن ٹو پبلک)سٹیڈیم تشریف لائیں اور جونیئر کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور سنسنی خیز ہاکی کا مظاہرہ خود دیکھیں۔



