راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2026ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر رضا اللہ نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں مشکل اور آسان وقت دونوں آتے ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ جب بھی موقع ملے اپنی بہترین کارکردگی دکھاؤں، سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کو بھرپور انجوائے کیا۔ پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے رضا اللہ نے کہا کہ تمام شائقین کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، بائولنگ کوچ شان ٹیٹ کے ساتھ تیز رفتار باؤلنگ کے حوالے سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، ان سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران اپنی رینج میں آنے والی گیند پر بھرپور شاٹ کھیلتا ہوں۔ پہلی اننگز میں محمد غازی غوری کے ساتھ شراکت قائم کی اور بعد میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ رضا اللہ نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ پہلی اننگز میں انہوں نے 32 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔