wراولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2026ء) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ سیریز کے بعد نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا، نوجوان کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی جنہیں مزید اعتماد دیا جائے گا۔دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ میچز جیتنے کے لیے تسلسل کے ساتھ اچھی پرفارمنس دکھانا ضروری ہے، ہر روز نہ جیت سکتے ہیں اور نہ ہار سکتے ہیں، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں۔ بابر اعظم نے کہا کہ پہلے اننگز ٹیسٹ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تھی، پلان پر عملدرآمد کیا تو کامیابی ملی، ٹیسٹ کرکٹ میں پارٹنرشپ انتہائی اہم ہوتی ہے، سری لنکا نے دوسری اننگز میں کم بیک کرنے کی کوشش کی تاہم فاسٹ باؤلرز نے بہترین باؤلنگ کی۔انہوں نے کہا کہ ایک سیریز جیتنے سے سب کچھ حاصل نہیں ہوتا، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہمیں بہترین پرفارمنس دینا ہوگی، ایک اچھی ٹیم بنانے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، چیلنجز آسان نہیں ہوتے بلکہ ان سے سیکھنا پڑتا ہے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سعود شکیل ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔