سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2026ء) سپورٹس ڈپارٹمنٹ سرگودھا اور پیپلز سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ای لائبریری، سپورٹس سٹیڈیم سرگودھا میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ایک آگاہی ریلی کاانعقادکیاگیا۔ریلی کی قیادت ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سرگودھاصائمہ منظور اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کونسل اف این جی اوز عبدالمنان چوہدری نے کی، جبکہ اس میں سپورٹس سے وابستہ افراد، سماجی کارکنوں ، نوجوانوں اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ریلی سےخطاب کرتےہوئے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدو جہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی یاد دلاتا ہے۔ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کےساتھ کھڑی ہے اور انکی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر کے عوام آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے۔اس موقع پر حکیم ملک رب نواز حافظ فرمان اللہ فاروقی تیمور حسین بلوچ اور شعبہ سوشیالوجی اینڈ کرمنالوجی، یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ و طالبات نے بھی ریلی میں شرکت کی اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے۔