لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2026ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیرِ اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی کی قیادت ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کی،جو نیشنل ہاکی سٹیڈیم سے شروع ہو کر قذافی سٹیڈیم تک نکالی گئی۔ریلی میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد،یاسمین اختر، زرینہ وقار سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پوری قوم کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔انہوں نے جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کا استحصال کر رہا ہے اور عالمی برادری کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔ریلی کے شرکا نے "کشمیر بنے گا پاکستان" اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگائے جبکہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔