ٹرینیڈاڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 اگست 2026ء ) سٹار بلے باز بابر اعظم لیجنڈری کپتان عمران خان اور سابق کپتان مصباح الحق کے ساتھ ایک خصوصی کلب میں شامل ہوکر تمام فارمیٹس کے 150 یا اس سے زیادہ بین الاقوامی میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے تیسرے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے آئندہ دور ٹیسٹ دوروں سے قبل شان مسعود کی جگہ بابر کو پاکستان کا ٹیسٹ کپتان مقرر کیا ہے۔ کپتانی کے تازہ ترین ریکارڈز کے مطابق بابر اب ٹیسٹ، ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹونٹی 20 انٹرنیشنل (ٹی ٹونٹی) میں 150 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی کپتانی کر چکے ہیں۔ صرف عمران خان (187 میچز) اور مصباح الحق (151 میچز) نے ان سے زیادہ مرتبہ پاکستان کی قیادت کی ہے۔ بابر اعظم پاکستان کی آل فارمیٹ کپتانی کی جیت کی فہرست میں عمران خان (89) کے پیچھے 84 فتوحات کے ساتھ دوسرے اور مصباح الحق (77) سے آگے تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ مجموعی طور پر 84 کامیابیوں، 51 شکستوں، دو ٹائی، چار ڈرا اور آٹھ غیر نتیجہ کے ریکارڈ کے حامل ہیں، 150 بین الاقوامی میچوں میں ان کی جیت کی شرح 56 فیصد ہے۔ سابق کپتان اور فاسٹ لیجنڈ وسیم اکرم اس فہرست میں بابر اعظم کے بعد آتے ہیں جنہوں نے 134 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی قیادت کی جبکہ انضمام الحق (119) اور سرفراز احمد (100) بھی ٹاپ سکس میں شامل ہیں۔ 31 سالہ بیٹر نے طویل ترین فارمیٹ میں ایک حوصلہ افزا ریکارڈ کے ساتھ ٹیسٹ کپتانی میں واپسی کی، 2020ء اور 2023ء کے درمیان اپنے پہلے دور کے دوران انہوں نے 22 ٹیسٹ میں پاکستان کی کپتانی کی جس میں 10 جیتے، سات ہارے اور چار ڈرا ہوئے جس میں ان کی جیت کی شرح 45.45 فیصد ہے۔ ان کے پیشرو شان مسعود کو 2023ء کے آخر میں پاکستان کے دورہ آسٹریلیا سے قبل ٹیسٹ کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ پاکستان آسٹریلیا میں تینوں ٹیسٹ ہار گیا تھا ، شان مسعود نے 16 ٹیسٹ میں چار فتوحات اور 12 شکستوں کے ساتھ اپنا دور مکمل کیا ، ان کی جیت کا تناسب 25 فیصد رہا۔ بابر کی قیادت کا سفر اکتوبر 2019ء میں شروع ہوا جب انہیں پاکستان کا T20I کپتان نامزد کیا گیا۔ اس کے بعد انہیں مئی 2020ء میں ون ڈے کپتان مقرر کیا گیا اور اس سال کے آخر میں ٹیسٹ ٹیم کا چارج سنبھالا۔ پاکستان کے آل فارمیٹ کپتان کے طور پر ان کا پہلا اسپیل نومبر 2023ء میں ختم ہوا جب وہ ہندوستان میں ٹیم کی مایوس کن ICC مینز کرکٹ ورلڈ کپ مہم کے بعد دستبردار ہو گئے۔ پی سی بی نے مارچ 2024ء میں انہیں وائٹ بال کے کپتان کے طور پر بحال کیا لیکن بابر نے اکتوبر 2024ء میں اپنے کام کے بوجھ کو سنبھالنے اور اپنی بیٹنگ پر توجہ دینے کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے دوبارہ استعفیٰ دے دیا۔ اپنی وائٹ بال کی کپتانی کے دو ادوار میں بابر نے 43 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی قیادت کی، جس میں 26 فتوحات درج کیں جبکہ 85 میچوں میں 48 جیت کر ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد وہ ملک کے سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی کھیلنے والے کپتان بھی بن گئے۔