بلاول بھٹو زرداری کا کامن ویلتھ گیمز میں تاریخی کامیابی پر باکسر فاطمہ زہرہ کو خراجِ تحسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے واحد تمغہ جیتنے والی باکسر فاطمہ زہرہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد د

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے واحد تمغہ جیتنے والی باکسر فاطمہ زہرہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے خواتین کے باکسنگ مقابلوں میں تاریخی تمغہ جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فاطمہ زہرہ کی کامیابی پاکستانی خواتین کے عزم، استقامت، محنت اور بے پناہ صلاحیتوں کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی پرچم کو بین الاقوامی سطح پر سربلند کرنا ہر پاکستانی کے لیے باعثِ افتخار ہے اور فاطمہ زہرہ نے اپنی غیر معمولی کارکردگی سے ملک کا نام روشن کیا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے دعا کی کہ فاطمہ زہرہ مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں حاصل کریں اور دنیائے کھیل میں پاکستان کے لیے مزید اعزازات اپنے نام کریں ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی خواتین کو ہر شعبے میں باوقار انداز میں قائدانہ کردار ادا کرتے دیکھنا شہید بینظیر بھٹو کا خواب تھا، اور آج فاطمہ زہرہ جیسی باصلاحیت کھلاڑیوں کی کامیابیاں اس خواب کی عملی تعبیر ثابت ہو رہی ہیں۔



