لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 اگست 2026ء ) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ناقابل شکست نصف سنچری سکور کرکے کالی آندھی کے خلاف اس کے ہوم گرائونڈز پر زیادہ ففٹی پلس سکورز بنانے کا 49 سالہ ملکی ریکارڈ برابر کردیا۔ پورٹ آف سپین ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بابر اعظم ویسٹ انڈیز کیخلاف 86 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے جو کالی آندھی کی سرزمین پر 13 اننگز میں ان کی چھٹی نصف سنچری ہے۔ اس کے ساتھ ہی بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ویسٹ انڈیز میں زیادہ ففٹی پلس سکورز کا سابق پاکستانی آل رائونڈر وسیم راجہ کا ریکارڈ برابر کردیا جنہوں نے 1977ء میں دورہ ویسٹ انڈیز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 ٹیسٹ میچز کی 10 اننگز میں ایک سنچری اور 5 نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔ سابق کپتان انضمام الحق بھی ویسٹ انڈیز کیخلاف ویسٹ انڈیز میں 12 اننگز میں 6 ففٹی پلس سکورز کیساتھ بابر اعظم اور وسیم راجہ کے ہمراہ مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید احمد اور سابق کپتان مصباح الحق ویسٹ انڈیز میں بالترتیب 9 اور 10 اننگز میں 5،5 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ اس لسٹ میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔