اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2026ء) پاکستانی اتھلیٹ عطا اللہ ورلڈ انڈر 20 اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے امریکہ پہنچ گئے ہیں اور چیمپئن شپ (آج) بدھ، 5 اگست سے امریکہ میں شروع ہو گی۔ ان کے ہمراہ علی یاسر رائے میجر اور کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ گزشتہ روز ایشیا اتھلیٹکس فیڈریشن کے نائب صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے کہا کہ عطا اللہ پہلی بار کسی بین الاقوامی سطح کے ایونٹ میں100 میٹر ریس کے ایونٹ میں حصہ لے رہا اور اس کو سیکھنے کا موقع بھی ملے گا اور امید ہے کہ عطا اللہ ورلڈ انڈر 20 اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ عطا اللہ 100 اور 200 میٹر ریس کا قومی جونیئر چیمپئن ہونے کے ساتھ، ساتھ دونوں ایونٹس کا ریکارڈ ہولڈرز بھی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں جنرل اکرم ساہی نے کہا کہ عطا اللہ کو ورلڈ انڈر 20 اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھجوانے کا فیصلہ درست ہے کیونکہ آئندہ آنے والے وقتوں میں یہ پاکستان اثاثہ ہوگا۔چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے اتھلیٹس مختلف ایونٹس میں اپنی قسمت آزمائی کریں گے اور چیمپئن شپ میں 2007 سے 2010 کے درمیان پیدا ہونے والے کھلاڑی حصہ لینے کے مجاز ہونگے۔ چیمپئن شپ 9 اگست تک جاری رہے گی