ایف آئی ایچ کا مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے پروفائل جاری کرنے کا سلسلہ شروع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2026ء) ایف آئی ایچ نے ہاکی ورلڈ کپ2026 کے آغاز سے قبل ایونٹ میں شریک مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے پروفائل جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جس کا مقصد شائقین کو ہر

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2026ء) ایف آئی ایچ نے ہاکی ورلڈ کپ2026 کے آغاز سے قبل ایونٹ میں شریک مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے پروفائل جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جس کا مقصد شائقین کو ہر ٹیم کے سفر، اہم کامیابیوں، نمایاں کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف سے آگاہ کرنا ہے۔ اسی سلسلے میں خواتین کی چینی ہاکی ٹیم کا پروفائل بھی جاری کیا گیا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر موجود چین نے2025 ویمنز ایشیا کپ میں میزبان کی حیثیت سے ٹائٹل جیت کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ چین نے فائنل میں بھارت کو 1-4 سے شکست دے کر16 برس بعد ایشیا کپ کا تاج اپنے نام کیا۔ چینی ٹیم نے گزشتہ دو ایف آئی ایچ پرو لیگ سیزن میں مسلسل چوتھی پوزیشن حاصل کی، جو اس مقابلے میں اس کی بہترین کارکردگی ہے۔ ایشیا کپ میں زو می رونگ نے سات میچوں میں11 گول اسکور کر کے نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ 17 سالہ لوو یاشی کو ٹورنامنٹ کی بہترین نوجوان کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹیم کی قیادت تجربہ کار کوچ ایلیسن اینن کر رہی ہیں، جن کی کوچنگ میں چین نے پیرس اولمپکس 2024 میں چاندی کا تمغہ جیتا اور پھر 2025 میں ایشیا کپ بھی اپنے نام کیا۔ وہ اس سے قبل نیدرلینڈز کو ورلڈ کپ اور اولمپک گولڈ میڈل بھی جتوا چکی ہیں۔ چین کی کپتان لی ہونگ نے کہا کہ اولمپک سلور میڈل اب ماضی کا حصہ ہے اور ٹیم کی تمام تر توجہ ورلڈ کپ میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔ ان کے مطابق ٹیم دبائو میں نہیں بلکہ مزید کامیابیاں سمیٹنے کے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ واضح رہے کہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ2026 کا آغاز15 اگست سے بیلجیم اور نیدرلینڈز میں ہوگا، جہاں پہلے روز ہی مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز کے میچز کھیلے جائیں گے۔



