لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2026ء) امریکا کے کرکٹر بودوگم اکھلیش ریڈی کو آئی سی سی اینٹی کرپشن ٹربیونل کی جانب سے اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ہر قسم کی کرکٹ سے آٹھ سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ الزامات متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے ابوظبی ٹی10 لیگ2025 سے متعلق ہیں، جہاں امارات کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو نامزد اینٹی کرپشن افسرمقرر کیا تھا۔ ریڈی پر عائد پابندی کا اطلاق21 نومبر 2025 سے ہوگا جس روز انہیں عبوری طور پر معطل کیا گیا تھا۔ ٹربیونل کے مطابق ریڈی میچ کے نتیجے، پیش رفت یا دیگر پہلوں پر غیر قانونی اثر انداز ہونے یا اس کی کوشش کرنے، ایک اور شریک کھلاڑی کو میچ فکسنگ کی خلاف ورزی پر اکسانے اور اینٹی کرپشن تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کے مرتکب پائے گئے۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ انہوں نے اپنے موبائل فون سے ایسا ڈیٹا اور پیغامات حذف کیے جو تحقیقات کے لیے اہم ہو سکتے تھے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں گواہوں اور دیگر متعلقہ افراد کی شناخت کے تحفظ کے لیے بعض معلومات حذف کر دی گئی ہیں۔