لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2026ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ۔پاکستان سپر لیگ کے بعد سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے،جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلنے والے نامور کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کے مقابلے ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن میں کھیلے جائیں جارہے ہیں جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا۔ افتتاحی روز سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کے چار میچز کھیلے جارہے ہیں، ڈرنگ سٹیڈیم بہاولپورمیں دو میچز کھیلے جائیں گے،پہلے میچ میں فیصل آباد ہاکس اور ساہیوال اسٹالینز کی ٹیمیں سہ پہر 4 بجے مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرا میچ بہاولپور نوابز اور لاہور لائنز کی ٹیموں کے درمیان رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔ لاہور سٹرائیکرز اور گجرات تھنڈر کا میچ شام7 بجے ڈی جی خان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ کرکٹ گرائونڈ سپورٹس کمپلیکس ملتان میں شام 7بجے ملتان ماورکس اورلاہور ٹائیگرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ لیگ کے تمام میچز لائیو ٹیلی کاسٹ کیے جارہے ہیں تاکہ ملک بھر کے کرکٹ شائقین اس بڑے ایونٹ سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ میں مجموعی طور پر12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں،جن میں لاہور لائنز،بہاولپور نوابز، فیصل آباد ہاکس، سرگودھا شاہین، گوجرانوالہ وارئیرز، گجرات تھنڈر ،لاہور سٹرائیکرز، ڈی جی خان ٹائٹنز، لاہور ٹائیگرز، ملتان ماورکس، ساہیوال سٹالینز اور راولپنڈی پینتھرز شامل ہیں۔