کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2026ء) سندھ پیکل بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ اوپن پیکل بال چیمپئن شپ 2026 گزشتہ روز منی سپورٹس کمپلیکس، کراچی میں شروع ہوگئی ہے۔ چیمپئن شپ کا افتتاح پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں نے کیا۔ اس موقع پر کراچی سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عظمت پاشا، سندھ پیکل بال ایسوسی ایشن کے صدر عبدالصمد اور سیکرٹری شازیہ پیرزادہ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ چیمپیئن شپ میں سندھ سے مرد اور خواتین ٹیموں کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں کراچی، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، سکھر اور میرپور خاص کی ٹیمیں شامل ہیں اور اس میگا ایونٹ میں 10 خواتین اور 12 مردوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں چیمپئن شپ میں "اوپن" پلیئر کیٹیگریز میں تین سنگلز، ڈبلز اور مکس مقابلوں میں مرد اور خواتین شرکت کر رہی ہیں۔ چیمپئن شپ میں جنید رئیس اور شارق صدیقی کی امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔