لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2026ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سابق سیکرٹری جنرل کرنل ریٹائرڈ محمد آصف ڈار نے کہا ہے کہ گراس روٹ سطح پر کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح کی جدید ٹریننگ دی جائے تو کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح، لاہور میں ٹینس ہائی فارمنسن کیمپ کی افتتاحی تقریب میں کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ اور امن کے سفیر ہوتے ہیں ان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح کی تربیت دی جائے تو یہی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں ہم بہت پیچھے چلے جا رہے۔ کامن ویلتھ گیمز کا ریکارڈ دیکھ لیں پاکستانی خاتون باکسر فاطمہ زہرا نے کانسی کا میڈل حاصل کیا لیکن اولیمپین ارشد ندیم جیسے کھلاڑی بھی کامن ویلتھ گیمز میں بری طرح ناکام ہوئے۔ اس کی کیا وجہ تھی اس کی مکمل اور پوری طرح تحقیق ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خاتون باکسر فاطمہ زہرا مبارکباد کی مستحق ہے اور اس کو جدید اور اعلی تربیت دلائی جائے تو یہ پاکستان کا اثاثہ بن کر بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام مزید روشن کر سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کرنل آصف ڈار نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں اور منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے کھیلوں کی طرف لانا ہوگا اور اپنے کھیلوں کے میدان آباد کرنے ہونگے۔ پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ٹینس ہائی فارمنسن کیمپ میں کثیر تعداد میں لڑکے لڑکیاں حصہ لے رہی ہیں اور یہ کیمپ 20 اگست تک باغ جناح، لاہور میں جاری رہے گا۔