لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2026ء) انگلینڈ کے اسٹار فٹ بالر جوڈ بیلنگھم اور پاکستان کے اسپنر عثمان طارق کی کرکٹ کھیلتے ویڈیو وائرل ہوگئی۔جوڈ بیلنگھم نے عثمان طارق کے منفرد بولنگ اسٹائل کا سامنا کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان بولنگ کے حوالے سے دلچسپ مکالمہ بھی ہوا ۔پاکستان کے اسپنر نے اپنے مخصوص ایکشن سے انگلینڈ کے فٹ بالر کو بولنگ کروائی۔ عثمان طارق نے جوڈ بیلنگھم کی بیٹنگ کی تعریف بھی کی۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جوڈ بیلنگھم کرکٹ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے دی ہنڈرڈ میں برمنگھم فیونکس کے شیئرز بھی خرید رکھے ہیں۔عثمان طارق برمنگھم فیونکس کا حصہ ہیں اور جوڈ بیلنگھم گزشتہ روز دی ہنڈرڈ میں برمنگھم فیونکس کا میچ دیکھنے کے لیے گراونڈ میں موجود تھے۔دوسری جانب پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا بھی دی ہنڈرڈ میں برمنگھم فیونکس کا حصہ ہیں۔فاطمہ ثنا ء کی بھی جوڈ بیلنگھم سے ملاقات ہوئی، دونوں نے گپ شپ کی اور ساتھ میں ایک تصویر بھی بنوائی۔جوڈ بیلنگھم اور فاطمہ ثنا کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شائقین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے