اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے بین الصوبائی رابطے کی وزارت اور پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے تعاون سے قومی ہاکی پورٹل کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس ملک گیر ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد پاکستان بھر کے سکولوں سے ہاکی کے نئے اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی نشاندہی، رجسٹریشن اور ان کی سرپرستی کرنا ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ملک میں قومی کھیل کی بحالی اور ایک منظم نچلی سطح (گریس روٹس) کے ترقیاتی پروگرام کے تحت تمام سرکاری اور نجی سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس تاریخی اقدام کا حصہ بننے کے لیے پورٹل nationalhockeyportal.com پر جلد از جلد اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔اس قومی مہم کے حصے کے طور پر، پاکستان ہاکی فیڈریشن مرحلہ وار بنیادوں پر ملک بھر کے 1000 سکولوں کو ہاکی کا سامان (کٹس و دیگر لوازمات) فراہم کرے گی۔ پورٹل پر رجسٹرڈ ہونے والے سکولوں کو فنی رہنمائی، کوچنگ کی سہولیات، اور ٹیلنٹ کی تلاش و صلاحیتوں کو نکھارنے کے مختلف پروگراموں میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔اس اقدام کا مقصد سکول کی سطح پر ہاکی کو فروغ دے کر کھلاڑیوں کی ایک مستقل اور مضبوط نرسری تیار کرنا ہے۔ اس کے ذریعے ہر صوبے، علاقے اور ضلع سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے برابر مواقع میسر آئیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام صوبائی حکومتوں، محکمہ ہائے تعلیم، سکول انتظامیہ اور نجی تعلیمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی ہاکی پورٹل پر سکولوں کی بروقت رجسٹریشن کو یقینی بنا کر اس مہم کو کامیاب بنائیں۔ ان کا تعاون کھیل کے دائرہ کار کو پھیلانے، نچلی سطح پر کھیلوں کو مضبوط کرنے اور قومی ہاکی کے مستقبل کے ستاروں کی تراش خراش میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن، بین الصوبائی رابطے کی وزارت اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ مل کر جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی نظام اور ملک گیر تربیتی پروگرامز کے ذریعے پاکستان کے ہاکی کے روشن اور شاندار ماضی کی بحالی کے لیے تمام تر صلاحیتیں بکار لانے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔