پی سی بی انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ، بیکن ہاؤس، اسٹیڈی لنک، ماڈل حقانی اور دی انٹیلکٹ اسکول کامیاب
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کراچی ریجن میں مزید چار میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ بیکن ہاؤس اسکول، اسٹیڈی ل

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کراچی ریجن میں مزید چار میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ بیکن ہاؤس اسکول، اسٹیڈی لنک ایجوکیشنل سینٹر، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ماڈل حقانی اور دی انٹیلکٹ اسکول نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔پہلے میچ میں بیکن ہاؤس اسکول نے سی اے ایس اسکول کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سی اے ایس اسکول کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ محمد احمد مندیا نے 28 رنز بنائے۔ بیکن ہاؤس کے سلو لیفٹ آرم اسپنر محمد شافع نے 9 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد محب نے 5 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بیکن ہاؤس اسکول نے بغیر کسی نقصان کے 69 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔ محمد شاہ زین نے 9 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 43 رنز بنائے۔ دوسرے میچ میں اسٹیڈی لنک ایجوکیشنل سینٹر نے کراچی پبلک اسکول کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ کراچی پبلک اسکول نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ ایس ایم شایان نے 41، محمد منان میاں نے 40 اور محمد اسد خان نے 27 رنز اسکور کیے۔ اسٹیڈی لنک کے اسامہ نے 30 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سمیر خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں اسٹیڈی لنک نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا۔ اسامہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 13 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 83 رنز بنائے، جبکہ عثمان خان نے 22 رنز اسکور کیے۔تیسرے میچ میں گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ماڈل حقانی نے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول دمبا گوٹھ کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ دمبا گوٹھ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ماڈل حقانی کے درانی خان اور حسن رضا نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ماڈل حقانی نے بغیر کسی نقصان کے 56 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ اذان 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔چوتھے میچ میں دی انٹیلکٹ اسکول نے جامعہ دارالعلوم کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ جامعہ دارالعلوم کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 84 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ عبدالصمد نے 14 رنز بنائے۔ دی انٹیلکٹ اسکول کے صائم فضیل نے 14 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احمد حسن اور عثمان اقبال نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں دی انٹیلکٹ اسکول نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا۔ عبداللہ عالم نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 45 رنز بنائے۔



