اسپین کی پاکستان کو جدید آبپاشی اور دقیق کاشتکاری کے شعبوں میں تکنیکی مہارت فراہم کرنے کی پیشکش
انطالیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2026ء) پاکستان اور اسپین نے زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے بالخصوص زیتون کی کاشت، زیتون کے تیل کی پیداوار، جدید زرعی

انطالیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2026ء) پاکستان اور اسپین نے زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے بالخصوص زیتون کی کاشت، زیتون کے تیل کی پیداوار، جدید زرعی ٹیکنالوجی اور پانی کے پائیدار استعمال کے شعبوں میں تعاون پر اتفاقِ رائے سامنے آیا ہے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور اسپین کے وزیر برائے زراعت، ماہی پروری و خوراک لوئس پلاناس پوچادس کے درمیان ترکیہ میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے زیتون کی کاشت، زیتون کے تیل کی پیداوار و پراسیسنگ، زرعی تحقیق اور جدید زرعی طریقوں کے فروغ میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر زرعی مشینری، دقیق کاشتکاری، مؤثر آبپاشی کے نظام اور استعمال شدہ پانی کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کی ٹیکنالوجی میں اسپین کے تجربات سے استفادے کے امکانات بھی زیرِ بحث آئے۔ اسپین کے وزیر نے جدید آبپاشی، دقیق کاشتکاری اور پانی کے پائیدار انتظام کے شعبوں میں اپنے ملک کی تکنیکی مہارت پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے کی پیشکش کی اور اس ضمن میں تکنیکی معلومات اور کامیاب تجربات کے تبادلے پر آمادگی ظاہر کی۔اسپین کے وزیر نے پاکستان کی جانب سے ایک تکنیکی وفد اسپین بھیجنے کی تجویز کا بھی خیرمقدم کیا، تاکہ وفد وہاں جدید زرعی طریقوں کا جائزہ لے، متعلقہ اداروں سے تبادلہ خیال کرے اور تکنیکی معلومات و ٹیکنالوجی کی منتقلی کے عملی امکانات تلاش کر سکے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے زیتون کی کاشت اور زیتون کے تیل کی صنعت کے فروغ میں پاکستان کی نمایاں صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کے باغات کے انتظام، جدید پراسیسنگ، معیار کے تعین، ویلیو ایڈیشن اور عالمی منڈیوں میں رسائی کے حوالے سے اسپین کے تجربات سے استفادہ پاکستان کے زیتون کے شعبے کی پیداوار اور مسابقتی صلاحیت بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے پانی کی بڑھتی ہوئی قلت اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی جدید زرعی ٹیکنالوجیز اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دقیق کاشتکاری، جدید آبپاشی اور آبی وسائل کے مؤثر استعمال میں تعاون سے زرعی پیداوار میں اضافہ، پیداواری لاگت میں کمی اور پائیدار زرعی ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ملاقات میں زرعی تحقیق کے اداروں، تکنیکی ماہرین اور متعلقہ تنظیموں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، استعداد کار میں اضافے، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور زرعی جدت کے فروغ کے لیے تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان اور اسپین نے تکنیکی تعاون، علم و تجربات کے تبادلے اور جدید و پائیدار زرعی طریقوں کے فروغ کے ذریعے زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔



