چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی کی صورتِحال اور جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل کو دہشت گردی کے خلاف حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔