الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 کے ضمنی انتخابات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی جس میں عطاء اللّٰہ تارڑ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عطاء اللّٰہ تارڑ کی جانب سے ان کے وکیل سجیل سواتی نے مؤقف اختیار کیا کہ دورے کا مقصد ذاتی تھا، انتخابی مہم چلانا نہیں تھا، وکیل کی ذاتی دعوت پر وہاں گئے تھے، متعلقہ تقریب میں امیدوار بھی موجود نہیں تھا۔