کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2026ء) صوبہ خیبر پختونخوا میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) ویکسینیشن مہم کا آغاز آج بدھ 11 نومبر سے ہو رہا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں 9 سے 14 سال کی عمر کی تقریباً 29 لاکھ 30 ہزار بچیوں کو حفاظتی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ دو ہفتوں پر مشتمل یہ مہم 24 نومبر کو اختتام پذیر ہوگی۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ویکسینیشن کے ہدف میں 16 لاکھ سکول جانے والی جبکہ 13 لاکھ سکولوں سے باہر بچیاں شامل ہیں۔ مہم کو کامیاب بنانے اور زیادہ سے زیادہ بچیوں تک رسائی یقینی بنانے کے لیے گزشتہ دو ماہ سے صوبائی اور ضلعی سطح پر آگاہی سرگرمیاں جاری ہیںجن کے دوران متعدد اجلاس اورتعلیمی اداروں میں تربیتی و معلوماتی سیشنز منعقد کیے جا چکے ہیں۔ تاہم محکمہ صحت کو اس مہم کے دوران ایک طرف لاکھوں بچیوں تک رسائی اور دوسری جانب ویکسین سے متعلق عوامی خدشات اور غلط فہمیوں کے ازالے کا چیلنج درپیش ہے۔ یہ خدشات خصوصاً کوہاٹ ڈویژن کے قبائلی ضلع کرم میں زیادہ نمایاں ہوئے ہیں جہاں پاک افغان سرحد کے قریب واقع علاقوں میں شہریوں کی جانب سے ویکسین کی افادیت اور حفاظت سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ طبی ماہرین نے والدین اور معاشرے کے دیگر افراد پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر یقین کرنے کے بجائے مستند طبی ماہرین اور صحت کے متعلقہ اداروں سے رہنمائی حاصل کریں۔ ماہرین کے مطابق ایچ پی وی ویکسین ایک حفاظتی تدبیر ہے اور کینسر کا علاج نہیں جبکہ یہ سروائیکل کینسر کی بروقت تشخیص کے لیے ضروری سکریننگ کا متبادل بھی نہیں ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) ایک عام وائرل انفیکشن ہے تاہم اس کی بعض خطرناک اقسام سے مسلسل متاثر رہنے کی صورت میں خواتین میں مستقبل میں رحم کے منہ کا کینسر پیدا ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ایچ پی وی ویکسینیشن اور بروقت سکریننگ کے ذریعے اس مہلک بیماری سے بڑی حد تک بچاؤ ممکن ہے۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق پاکستان میں ہر سال سروائیکل کینسر کے 5 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں جبکہ تقریباً 3 ہزار خواتین ہر سال اس بیماری کے باعث زندگی سے محروم ہو جاتی ہیں۔ ایچ پی وی ویکسین کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے اہم خدشات میں اس کے خواتین کی تولیدی صحت اور مستقبل میں ماں بننے کی صلاحیت پر ممکنہ اثرات کا سوال بھی شامل ہے۔ تاہم عالمی ادارہ صحت کی گلوبل ایڈوائزری کمیٹی برائے ویکسین سیفٹی کے مطابق دستیاب سائنسی شواہد سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ایچ پی وی ویکسین بانجھ پن یا بیضہ دانی کی کارکردگی قبل از وقت ختم ہونے کا سبب بنتی ہے۔ کمیٹی کی جانب سے مختلف طبی تحقیقات اور ویکسین کے استعمال کے بعد جمع کئے گئے حفاظتی اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا ہے جس کی بنیاد پر ایچ پی وی ویکسین کے حفاظتی ریکارڈ کو مجموعی طور پر تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں پہلی قومی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم ستمبر 2025 میں شروع کی گئی تھی جس کے پہلے مرحلے میں پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر کی 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ویکسین لگائی گئی۔ اس مہم میں 49 ہزار سے زائد تربیت یافتہ طبی کارکنوں نے حصہ لیا جبکہ مہم کے دوران 96 لاکھ سے زائد بچیوں تک رسائی حاصل کی گئی۔خیبر پختونخوا میں شروع ہونے والی حالیہ مہم کی کامیابی کے لیے عوامی آگاہی، والدین کا اعتماد، مستند طبی معلومات کی فراہمی اور ویکسین کی مؤثر حفاظتی نگرانی بنیادی اہمیت کی حامل ہیں تاکہ اہل عمر کی تمام بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے اس حفاظتی اقدام سے مستفید ہونے کا موقع مل سکے۔