پی آئی اے کا شفافیت کے لیے تمام ملازمین سے ڈسکلوزر فارم طلب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2026ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی ای) انتظامیہ نے ادارے میں شفافیت کے فروغ اور مفادات کے ٹکراؤ کی روک تھام کے لیے تمام ملازمین کو ڈسکلوزر فارم جمع کرانے

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2026ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی ای) انتظامیہ نے ادارے میں شفافیت کے فروغ اور مفادات کے ٹکراؤ کی روک تھام کے لیے تمام ملازمین کو ڈسکلوزر فارم جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے ملازمین سے ادارے میں کام کرنے والے اپنے رشتے داروں، کاروباری روابط اور مفادات سے متعلق تفصیلات طلب کی ہیں۔ جاری ہدایات کے تحت ملازمین کو اپنے والدین، بہن بھائیوں، شریک حیات اور دیگر قریبی رشتے داروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔اس کے علاوہ پی آئی اے میں کام کرنے والے تھرڈ پارٹی اور آؤٹ سورس ملازمین سے تعلقات کی تفصیلات ظاہر کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ملازمین کو ادارے کے کاروباری شراکت داروں، سپلائرز اور کنٹریکٹرز سے اپنے روابط کے ساتھ ساتھ رشتے داروں کے کاروباری مفادات اور متعلقہ تعلقات سے بھی انتظامیہ کو آگاہ کرنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق یہ معلومات ادارے میں مفادات کے حقیقی یا ممکنہ ٹکراؤ کی نشاندہی، شفافیت کے فروغ اور درست ریکارڈ برقرار رکھنے کے لیے جمع کی جارہی ہیں۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ فراہم کردہ معلومات خفیہ رکھی جائیں گی اور ان تک رسائی صرف مجاز حکام کو حاصل ہوگی۔پی آئی اے نے خبردار کیا ہے کہ غلط معلومات فراہم کرنے، متعلقہ تعلقات چھپانے یا ڈسکلوزر فارم جمع نہ کرانے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ انتظامیہ نے فارم جمع کرانے کے لیے 9 نومبر کو آخری تاریخ مقرر کی تھی، جبکہ فارم پی آئی اے کے ای آر پی مین پیج پر دستیاب ہے۔



