اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 10 نومبر 2026ء ) سینئر صحافی ، اینکر پرسن کامران خان نے انکشاف کیا ہے کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی تازہ ترین رپورٹ ؛ پنجاب میں 46 ارب روپے سے زائد کی مبینہ مالی بے ضابطگیاں سامنے آگئی ہیں۔ انہوں نے اپنے پروگرام آن مائی ریڈار میں بتایا کہ آج ہم اس صوبے کی بات کریں گے جس کو وہاں کی حکومت مثالی طرز حکمرانی کا چہرہ بنا کر پیش کرتی ہے،جہاں سالانہ اربوں روپے حکومت کے اشتہارات کی چکاچوند میں خرچ ہوتے ہیں، ترقی کے بلند بانگ دعوے ہیں اور منصوبوں کی بے پناہ تشہیر ہے، لیکن مالی شفافیت کے فقدان میں پنجاب بھی سندھ کے برابر کھڑا ہے اور کہیں اس سے پیچھے نہیں ہے۔ ایک طرف پنجاب کا پاکستان کے باقی صوبوں سے کہیں زیادہ 5904 ارب روپے کا بجٹ ہے، دوسری جانب اربوں روپے نہیں بلکہ بیسیوں اربوں روپے کے مالی بے ضابطگیوں کے انکشافات ہیں۔