دبئی میں گھروں کے کرایوں میں نمایاں کمی، کرایہ داروں کو بہتر رہائش حاصل کرنے کا موقع مل گیا
دبئی (اردوپوائنٹ، 24 نومبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں رہائشی املاک کے کرایوں میں کمی کے باعث شہریوں میں گھر تبدیل کرنے کا رجحان بڑھنے لگا ہے، جبکہ کرایہ داروں کو مالکان سے بہتر شرائط پر معاہدے کرنے کے مواقع

دبئی (اردوپوائنٹ، 24 نومبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں رہائشی املاک کے کرایوں میں کمی کے باعث شہریوں میں گھر تبدیل کرنے کا رجحان بڑھنے لگا ہے، جبکہ کرایہ داروں کو مالکان سے بہتر شرائط پر معاہدے کرنے کے مواقع بھی مل رہے ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق عالمی رئیل اسٹیٹ مشاورتی کمپنی جے ایل ایل کی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر 2026ء تک کے 12 ماہ کے دوران دبئی میں رہائشی املاک کے اوسط کرایوں میں 5.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اپارٹمنٹس کے کرائے 5.3 فیصد جبکہ ولاز کے کرائے 3 فیصد کم ہوئے۔ نئے کرایہ داری معاہدوں میں نمایاں اضافہ رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران نئے کرایہ داری معاہدوں کی رجسٹریشن میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 48.6 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 13.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کرایوں میں کمی کے باعث رہائشیوں کو اپنے موجودہ معاہدوں کی تجدید کے بجائے کم قیمت پر بہتر رہائش تلاش کرنے کے مواقع مل رہے ہیں۔ مکانات کی فروخت میں بھی کمی رپورٹ کے مطابق دبئی میں رہائشی املاک کی فروخت کے مجموعی معاملات میں سالانہ بنیاد پر 37.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ زیر تعمیر منصوبوں میں املاک کی فروخت 41.8 فیصد جبکہ سیکنڈری مارکیٹ میں فروخت 24.9 فیصد کم ہوئی۔ تاہم ولاز کی قیمتوں میں سالانہ 2.2 فیصد اضافہ جبکہ اپارٹمنٹس کی قیمتوں میں 0.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مزید 17 ہزار گھروں کی تکمیل متوقع دبئی میں رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران تقریباً 14 ہزار رہائشی یونٹس مکمل ہوئے، جبکہ سال کی آخری سہ ماہی میں مزید 17 ہزار رہائشی یونٹس کی تکمیل متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق تعمیراتی اخراجات میں اضافے کے باعث پراپرٹی ڈویلپرز مستقبل میں نئے منصوبوں کے آغاز کے حوالے سے زیادہ محتاط رویہ اختیار کرسکتے ہیں۔ رپورٹ میں کرایوں کی کمی کے اعداد و شمار دبئی کی مجموعی مارکیٹ سے متعلق ہیں، اس لیے ہر رہائشی علاقے میں کرایوں میں یکساں کمی ضروری نہیں۔



