عمرہ ادا کرنے والے پاکستانیوں نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کی
ریاض (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 10 اکتوبر 2026ء ) سعودی وزارت مذہبی امور زیر اہتمام منعقدہ خادم حرمین شریفین کے مہمانان عمرہ و زیارت پروگرام کے چوتھے گروپ میں شامل مہمانوں نے حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے حملوں

ریاض (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 10 اکتوبر 2026ء ) سعودی وزارت مذہبی امور زیر اہتمام منعقدہ خادم حرمین شریفین کے مہمانان عمرہ و زیارت پروگرام کے چوتھے گروپ میں شامل مہمانوں نے حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مملکت سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کو نشانہ بنانا، نیز حرمین شریفین اور وہاں آنے والے زائرین کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنا اسلامی مقدس مقامات پر صریح حملہ اور اسلام کی ان تعلیمات و اصولوں کی خلاف ورزی ہے جن کی بنیاد جان کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور خونریزی کی روک تھام پر رکھی گئی ہے۔ مہمانوں نے شہریوں کو نشانہ بنانے یا مملکت کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی مجرمانہ فعل کو سختی سے مسترد کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مملکت کی سلامتی کا تعلق دنیا بھر کے مسلمانوں کی سلامتی سے جڑا ہوا ہے، اور حرمین شریفین کی خدمت اور وہاں آنے والے زائرین کی دیکھ بھال کے لیے مملکت کی کاوشوں کو ہر جگہ مسلمان انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے اور سراہتے ہیں ۔ عمرہ ادا کرنے والے مہمانوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودیہ کو نشانہ بنانے والوں اور مقدسات کے اوپر حملہ کرنے والوں کا اسلام سے دور کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی، اور مسلمانوں کے مقدسات کی حفاظت ، اسلامی دنیا کے امن و استحکام کا ایک بنیادی ستون ہے۔ دوسری طرف سعودی وزارت داخلہ نے مملکت کے شہریوں اور غیرملکیوں کیلئے ہنگامی انتباہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت فضا میں ڈرونز اور میزائلوں کو تباہ کرنے کے مناظر کی ویڈیوز، تصاویر بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر سخت پابندی عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ دفاعی کارروائیوں کی تشہیر کو قومی سلامتی کیخلاف عمل تصور کیا جائےگا۔



